اس سے پہلے کہ لوگ تمہیں بدل دیں خود کو بدل لو ۔۔۔۔۔۔۔ تحریر: محمد اسمٰعیل بدایونی

اس سے پہلے کہ لوگ تمہیں بدل دیں خود کو بدل لو         ۔۔۔۔۔۔۔ تحریر: محمد اسمٰعیل بدایونی
اگر آپ اندھے عقیدت مند ہیں تو اس تحریر کو پڑھے بغیر ڈیلیٹ کر دیجیے ۔
میری یہ تحریر شاید آپ پر  گراں گزرے ۔۔۔۔۔
عالم اسلام میں اہلِ علم کی امین اہلسنت والجماعت  کیا ختم ہونے جا رہی ہے ؟
ہمارے معتقدین ،محبین اور مریدین  (گر چہ  صرف چند لوگ   ہیں )جب کسی کو گالی دینے پر آتے ہیں تو اگلی اور پچھلی سات نسلوں تک حساب چکا دیتے ہیں ۔۔۔۔۔اس معاملے میں اپنے اور پرائے کی تمیز سے بھی ہم نکل چکے ہیں ۔۔۔۔لعنت ملامت کا سلسلہ تو اس طرح جاری ہو تا ہے جیسے ہم نے اس کی پوری انڈسٹری لگائی ہوئی ہے ۔
میرے مضمون کو پڑھنے کے بعد جو دل چاہے کہیے پر مجھے چند سوالات کے جواب دیجیے ۔۔۔۔
ایک منٹ !!!! ایک منٹ !!!
میرے یہ سوال ہیں کس سے ؟
اگر!
آپ خود کو کسی بھی  سطح پر اہلسنت کا  رہبر ، رہنما یا لیڈر سمجھتے ہیں ۔۔۔۔
آپ اسٹیج پر بیٹھنے کے شوقین ہیں ۔۔۔۔۔
آپ ریلی اور جلوس  کے قائدین اور منتظمین  میں شمار ہو تے ہیں ۔۔۔۔
آپ  کسی مدرسے کے مہتم ہیں ۔۔۔۔
یا پھر  آپ مسجد کے خطیب  ، شعلہ بیان مقرر یا پر اثر مبلغ  ہیں ۔۔۔۔
یا آپ میلاد النبی ﷺ منانے والی کسی تنظیم کے سربراہ اور کارکن ہیں۔۔۔ تو۔۔۔۔۔۔ میرے یہ سوالات آپ ہی سے ہیں ۔
سوادِ اعظم اہلسنت  کا علمی حال بے حال کیوں ہو چکا ہے ؟
جنہیں آپ بد عقیدہ کہتے ہیں ان کے مکتبوں پر مکتبے کھل رہے ہیں ۔۔۔۔نت نئے موضوعات پر ان کے ہاں کتب چھاپی جا رہی ہیں ۔۔۔۔ایک ایک  ایڈیشن  ہزاروں میں بلکہ لاکھوں میں چھپ رہا ہے ۔
آپ کے ہاں مکتبے بند ہو رہے ہیں مکتبہ رضویہ کراچی  بالآخر سانسوں کی روانی  جاری رکھنے کے لیے آدھا مکتبہ بند کرکے اسپورٹس شاپ کھولنے پر مجبور ہو گیا ۔
ان کے مدارس میں بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہےآپ کے ہاں ۔۔۔۔۔۔۔۔؟
آپ بس شعلہ بیانی دکھائیے
ربیع الاول پر  خرافات کے ساتھ میلاد پوری   عقیدت وا حترام سے منائیے جو آپ کو ترجیحات  کی طرف متوجہ کرے اس پر فتوے لگائیے ۔۔۔۔۔ لیکن اپنے مسلکی مخالفین کی طرح کتابیں نہیں چھاپیں ۔۔۔۔مکتبے نہیں کھولیے گا ۔۔۔۔لوگوں کو علم کی جانب متوجہ نہیں کیجیےگا ۔۔۔۔۔
آپ کے ہاں اگر دعوتِ اسلامی نہیں ہو تی تو اب تک  آپ کا وجود اس دنیا سے اٹھ چکا ہو تا ۔۔۔(گر چہ دعوت اسلامی کا جتنا فوکس مدنی چینل پر اس سے کہیں زیادہ ان کا کتب  پر ہونا چاہیے اور اس تحریر کے توسط  سے میں یہ پیغام بھی دینا چاہوں گا اسلام کے لیے آپ کی خدمات  اظہر من الشمس ہیں لیکن آپ کو  اپنی اشاعتی ادارے  کی جانب اور بھی  کہیں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔۔۔۔۔
اوردادو تحسین کے لائق  ہیں مولانا غلام غوث بغدادی  صاحب جنہوں نے نورِ حمزہ جیسا شاندار ادارہ کھول کر ثابت کیا
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
عرض ان سے بھی یہی کہ   آپ اپنے ادارے کی برانچز پورے شہر بلکہ پورے ملک میں کھولیے ۔۔۔)
آخری سوال مجھے معلوم ہے بہت گراں گزرر ہی ہے یہ تحریر
بہت شان سے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کا عرس منایا بس یہ بتائیے آپ اب تک جامعۃ الرشید کے مقابلے میں جا معۃ الرضا کیوں نہیں بنا سکے ؟
مقابلہ ہر میدان میں کیجے ۔۔۔۔۔ خو د کو اور قوم کو فریب میں مبتلا مت کیجیے ۔۔۔۔۔۔
میرے واعظ!میرے مبلغ !میرے رہبر!میرے رہنما ! میرے خطیب ! میرے امام!اورمیرے نوجوان  !!!!
دھرنے ریلیاں ضرور کیجیے قوم کی تعمیر کا بھی کچھ سامان ہونا چاہیے ۔۔۔۔جلسے جلوس کیجیے  لیکن علم کی ترویج و اشاعت کون کرے گا؟۔۔۔۔۔
سوال کیجیے اپنےآپ سے !!!!
آپ مدرسے کے مہتم ہیں کیا آپ کے مدرسے میں کوئی عالیشان لائبریری ہے  میں  صرف مجددیہ نعیمہ کی لائبریر  ی کے بارے میں  کہہ سکتا ہوں کہ مفتی محمد جان نعیمی صاحب نے شاندار لائبریری بنائی ہے کیا یہ ہمارے ،ہمارے لیے لائق تقلید نہیں ؟
آپ مسجد کے خطیب ہیں کبھی آپ نے لوگوں کو کتب بینی اور مطالعہ کی جانب راغب کیا ؟
کیا آپ اپنی مسجد اور مدرسے میں لائبریری بنا سکے ؟
کیا آپ کے مقتدی  حضرات صاحب ِ مطالعہ ہیں ؟
آپ صرف اسٹیج پر بیٹھ کر تصویریں کھنچوانے کے خواہش مند ہیں  یا عملی میدان میں کچھ عملی کام کرنے کی بھی خواہش ہے آپ میں ؟
ریلیوں میں ، جلسوں میں ، جلوسوں میں گلہ پھاڑ کر آپ صرف تقریریں کر سکتے ہیں یا  اس دور میں جب غامدیت ، سیکولر ازم ، لبرل ازم اپنی تمام تر سفاکیت کے ساتھ آپ کی نسل نو کو نگل رہاہے کو کوئی تریاق بھی فراہم کر سکتے ہیں؟
اور ہاں آپ !!!! لاکھوں روپوں سے بڑے بڑے پروگرام کرنے والے میلاد آرگنائزر !!!!شہر کو دلہن بنا دینے والے  عاشقانِ رسول ﷺ آپ کو اس بات کی مبارکباد کہ آپ منافقوں کو تو خوب بتاتے ہیں کہ ہم میلادی ہیں کیا کبھی آپ نے علم کی ترویج و اشاعت کر کے عالم کفر کی بھی خبر لی کہ ہم اہل علم بھی ہیں  ؟ کیا کبھی جا کر کسی اہلسنت کے مدرسے میں پوچھا تمہارے  پاس اساتذہ کو دینے کے لیے تنخواہ ہے ؟۔۔۔کیا تمہارے پاس بہترین لائبریری ہے؟۔۔۔۔۔کیا تمہارے پاس بچوں کے لیے کمپیوٹر لیب ہے ؟۔۔۔۔
اور اے کمیٹی والو !!!! صرف یہ ہی بتا دو کیا کبھی اپنی مسجد کے خطیب سے پوچھ مولانا !آپ کو کون سی کتابوں کی ضرورت ہے ؟
لاکھوں روپے کا لنگر کھلانے والے صاحبِ ثروت لوگو! کبھی آپ نے مارس کے طلبہ اور اساتذہ میں کتب کا لنگر بھی کیا؟
اس سے پہلے کہ لوگ تمہیں بدل دیں خود کو بدل لو
https://www.facebook.com/IslamicResearchSociety/ )
ڈاکٹر محمد اسمٰعیل بدایونی کی تحریر کردہ کتب ،مکتبہ انوارا لقرآن ، مصلح الدین گارڈن  ،03132001740 مکتبہ برکات المدینہ بہادرآباد اور مکتبۃ الغنی پبلشرز ن زد فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی سے حاصل کریں ۔03152717547

Comments

Popular posts from this blog

قوم مذہب سے ہے مذہب جو نہیں تم بھی نہیں جذب باہم جو نہیں محفل انجم بھی نہیں

گستاخ رسول کو کتے نے برداشت نہ کیا